مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال، شاہد آفریدی اور گوتم گھمبیر آمنے سامنے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا جائز حق دیا جانا چاہیے، ہم سب کی طرح انہیں بھی آزادی کا حق ملنا چاہیے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ آخر کیوں بنائی گئی تھی اور وہ کیوں سو رہی ہے؟ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جاری بلااشتعال جارحیت اور جرائم کا نوٹس لینا جانا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس سلسلے میں ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شاہد آفریدی کی اس ٹوئٹ پر ان کے حریف تصور کیے جانے والے گوتم گمبھیر نے ایک بار پھر آل راؤنڈر کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اپنایا اور جواب دیتے ہوئے ہرزہ سرائی کی۔

آفریدی کی اس ٹوئٹ پر سابق بھارتی اوپنر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے نومنتخب رہنما نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘شاہد آفریدی بالکل درست ہیں، یہاں بلااشتعال جارحیت ہو رہی ہے، انسانیت سوز جرائم سرزد ہو رہے ہیں، اس بات کو اٹھانے پر انہیں سراہنا چاہیے لیکن وہ ایک بات کا ذکر کرنا بھول گئے کہ یہ سب ‘پاکستان کے کشمیر’ میں ہو رہا ہے’’۔

اپنی ٹوئٹ کے اختتام پر انہوں نے مزید تضحیک آمیز رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ آفریدی کو بیٹا کہہ کر پکارا اور کہا کہ پریشان نہ ہوں، بیٹا ہم جلد ہی اسے حل کریں گے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سوشل میڈیا فورم پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بل پر دستخط کیے جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔ خصوصی آرٹیکل ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گا، جس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی۔

Comments are closed.