سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں عوام بدترین مظالم اور لاکھوں بھارتی فوجیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کرفیو توڑ کر گھروں سے باہر نکل آئے، مقبوضہ وادی آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد کشمیری شہید اور زخمی ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے مقبوضہ وادی میں اٹھنے والی آزادی کی نئی لہر دنیا کے سامنے پیش کردی، کشمیری کرفیو توڑ کر گھروں سے باہر نکل آئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ وادی آزادی کے نعروں سے گونج رہی ہے۔
گولیوں کی بوچھاڑ بھی مودی سرکار کے غاصبانہ اقدام پر دلیر کشمیری قوم کا شدید احتجاج دبانے میں ناکام ہے، جانباز کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستانی پرچم تھامے مسلح قابض فوج کے سامنے مودی سرکار کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ آنسو گیس کی شیلنگ اور اندھا دھند فائرنگ نے کشمیریوں کی ہمت اور حوصلہ پست کرنے کی بجائے مزید بڑھا دیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متوالوں کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی نظرآرہی ہے۔ اللہ اکبر اور آزادی کے نعرے لگاتے کشمیری چیخ چیخ کر بھارت کی بدنیتی دنیا کو بیان کر رہے ہیں۔ اب عالمی برادری کا آنکھیں بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔
جنت نظیر وادی میں ظلم کرنے والے بھارتی فورسز کے اہلکار سڑکوں پر دندناتے پھررہے ہیں لیکن آزادی کے متوالے اب کسی ظلم کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔
Comments are closed.