ملک بھر میں یوم آزادی پر مثالی جوش و جذبہ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد: ملک بھر میں 72 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر اور آزاد کشمیر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہ آج  14اگست کو یوم آزادی ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے منا رہے ہیں۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی داراالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی موجود ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن قومی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے، آج کے دن اللہ نے ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازا، ہمارے قائدین کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضاوَں میں سانس لے رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا دعا ہے کہ قومی پرچم آزاد فضاوَں میں تا قیامت لہراتا رہے، اس سال آج کا دن یوم یکجہتی کشمیر بھی ہے، دنیا دیکھ رہی ہے پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کمی کی ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا ہے بھارتی حکومت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کایکطرفہ فیصلہ گھناؤنی سازش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت جان لے آزادی کی تحریکوں کواوچھے ہتھکنڈوں اورجبر و ستم سے دبایا نہیں جا سکتا۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حکمران جماعت تحریک انصاف و دیگر جماعتوں نے ریلیاں نکال کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہونے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنمائوں نے اسلام آباد میں ریلی کے شرکاء سے پرجوش خطاب کیا اور 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔

Comments are closed.