اسلام آباد: پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے، پیپلزپارٹی قائداعظم کے ویژن کے مطابق ملک کو مساوات پر قائم جمہوری ملک بنانے کی جدوجہد کرتی رہے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ آزادی ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم نعمت اور بانی اجداد کا بیش بہا تحفہ ہے،قائداعظم کی قیادت کے بغیر اس ملک کا قیام ناممکن تھا، تحریکِ پاکستان کے دوران جدوجہد اور قربانیاں دینے والے تمام رہنماوَں و کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سمیت پوری پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے،14اگست 1947 کی صبح جدوجہد کے ایک مرحلے کے اختتام اور دوسرے مرحلے کے آغاز کا دن تھا، جدوجہد کے دوسرے مرحلے کے دوران مساوات پر مبنی معاشرہ اور جمہوریت پر قائم ریاست کو تشکیل دینا تھا، جمہوریت و دستور پسندی سے اِلرجک عناصر و سازشوں کے باعث ملکی معاملات بانی اجداد کے ویژن کے مطابق چل نہ سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے اقتدارِ اعلیٰ پر زیادہ عرصہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے راج کیا، آج بھی بڑھتی ہوئی غربت، گراوٹ کا شکار معیشت اور سیاسی، جمہوری و انسانی حقوق پر قدغنیں پھنکار رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے قائداعظم کے نظریات کی روشنی میں ملک میں جمہوریت اور مساوات کے لیئے جدوجہد و قربانیاں دیں، شہید بھٹو نے متفقہ دستور کے ذریعے آزادی کے ثمرات عوام کو منتقل کرنے کا راستہ کھولا، شہید بی بی نے زندگی بھر جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی اور جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیرقیادت جمہوری حکومت نے صوبوں کو خودمختیاری دے کر وفاق کو مضبوط کیا، پیپلز پارٹی قائداعظم کے ویژن کے مطابق ملک کو مساوات پر قائم جمہوری ملک بنانے کی جدوجہد کرتی رہے گی۔
Comments are closed.