نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے ڈیوس کپ ٹائی ٹینس کے مقابلے پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی اور سفارتی تناؤ عروج پر ہے،موجودہ کشیدگی میں بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والا ڈیوس کپ ٹائی کسی اورملک منتقل کیا جائے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول ہیں، اس میں شرکت کے لیے جولائی میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی۔
آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن کے مطابق انہوں نے آئی ٹی ایف سے میچ کے لیے غیر جانبدار مقام کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس وقت صورتحال غیرمتوقع ہے، موجودہ صورتحال کی وجہ سے یہ درخواست معقول ہے۔
مہاجن نے مزیدکہا کہ میں پرامید ہوں کہ ڈیوس کپ ٹائی کا مقام تبدیل کردیا جائے گا کیونکہ پاکستان نیوٹرل وینیوز میں کھیلنے کا عادی ہے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے رواں ہفتے ہماری درخواست کا جواب دے گی۔
قبل ازیں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے کہا تھا کہ اگر آل انڈیا ٹیسن فیڈریشن نے نیوٹرل وینیو کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے فیصلے کا احترام کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی ٹینس ٹیم نے ڈیوس کپ ٹائی کے لیے 55 سال بعد پاکستان کا دورئہ کرنا تھا اور وہ 1964 میں آخری مرتبہ پاکستان آئی تھی۔
Comments are closed.