پولیو نےخطرے کی گھنٹی بجا دی، 53 کیسز رپورٹ، وزیراعظم کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کی تشویشناک صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بدھ کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

تیزی سے پھیلتے پولیو وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہنگامی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بدھ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا بریفنگ دیں گے۔

ملک بھر میں پولیو وائرس بے قابو ہو گیا، حکومتی دعوؤں کے برعکس ملک بھرسے 53 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 41 صرف خیبرپختونخوا کے علاقوں سے سامنے آئے۔ رواں برس اب تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد گزشتہ تین برسوں کے مجموعی پولیو کیسز سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا سے اب تک 32 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پختونخوا کے قبائلی اضلاع سے 9 جب کہ پنجاب سے اب تک 5 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ سے 3 بلوچستان سے 4 جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

یہاں یہ بات انتہائی قابل تشویش ہے کہ رواں برس رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد گزشتہ تین برس کے مجموعی پولیو کیسز سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں 2016 کے دوران 20 پولیو کیسز سامنے آئے، 2017 میں 8 جب کہ 2018 میں مجموعی طور پر 12 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

Comments are closed.