اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو دورہ کشمیر کی دعوت دے دی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن و سلامتی کی کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے سیکرٹری خارجہ اقوام متحدہ کو بتایا کہ گزشتہ 20روز سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن اور ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے، انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے۔ مقبوضہ کشمیر یکطرفہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، جب کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی مقبوضہ وادی سے متعلق رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو مقبوضہ وادی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی اور سری نگر ایئرپورٹ سے ہی انہیں واپس بھیج دیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج انہوں نے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو پاکستانی تشویش سے آگاہ کیا ہے کہ بھارت پلواما جیسا ڈراما رچا کر پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے اپنا کردارادا کرنا ہوگا، بھارت کےمقبوضہ جموں وکشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات کو پاکستان ، کشمیری عوام اور بھارتی اپوزیشن کے بہت سے رہنما یکسرمسترد کر چکے ہیں۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اقوام متحدہ اس تشویشناک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے آج بھارت کا جمہوری چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ جس کے پاکستان اور کشمیری تیار ہیں لیکن تیسرا فریق بھارت اس بات پر آنے کے لئے تیار نہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آج دنیا نے دیکھا تیسرے فریق بھارت اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جس کا ثبوت راہول گاندھی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت نہ دے کر اور انہیں سری نگر ایرپورٹ سے واپس بھجوانا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آج انہوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو علاقائی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے خطے کے دورے کی دعوت دی، اور کہا ہے کہ پاکستان انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گا، آزاد کشمیر کے عوام سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے منتظر ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام بھی اقوام متحدہ و دیگر عالمی اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے ان سے کہا کہ میں نریندر مودی سے ملوں گا میں نے پہلے بھی اقوام متحدہ کی خدمات پیش کیں تھیں اور اب بھی میں نیویارک میں اپنے نمائندوں کو آپ کے تاثرات اور خدشات سے آگاہ کروں گا۔
Comments are closed.