مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اندربغاوت کا خدشہ، خودکشیاں بھی بڑھ گئیں

نئی دہلی / سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم ڈھانے والی بھارتی فوج میں بغاوت پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا،جب کہ بھارتی فوجیوں کے خودکشی کے واقعات بھی بڑھنے لگے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کےمطابق خفیہ ایجنسی راء نے اپنی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشیدہ صورتحال کے باعث مسلم، سکھ اور عیسائی فوجی افسر بغاوت یا کسی بھی نوعیت کی حساس سرگرمیوں میں شامل ہونے سے انکار کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے افسروں اور جوانوں کی خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ نے سرکاری پستول سے گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

بھارتی میڈیاکے مطابق مقبوضہ کشمیرکے علاقے اننت ناگ میں تعینات 33 سالہ سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایم آروند نے خودکشی کر لی، سی آر پی ایف افسر کا تعلق 40 بٹالین سے تھا جس نے 2014 میں ڈائریکٹ انٹری افسر کے طور پر سی آر پی ایف میں شمولیت حاصل کی۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی اور افسر بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ 2007 سے اب تک 435 سے زائد بھارتی فوجی اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر چکے ہیں۔ جن میں بھارتی فوج کے کئی افسر بھی شامل ہیں۔

ادھر مقبوضہ وادی میں 20 روزہ بھی لاک ڈاؤن سے انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی جبکہ اشیائے خورد و نوش سمیت میڈیکل کی سہولت کو بھی کشمیری ترس گئے۔ انٹرنیٹ، ٹیلی فونک نظام گزشتہ 19 روز سے منقطع ہے۔

Comments are closed.