اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہندوتوا نظریے کےخلاف کھڑے ہونا تحریک انصاف حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر کی صورتحال اور بھارتی مظالم پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت نے غیر قانونی اقدامات سے وادی کا محاصرہ کر رکھا ہے، عالمی برادری کے خاموش رہنے سے صورتحال مزید گھمبیر ہوسکتی ہے، پائیدار امن و ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نا گزیر ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ نریندرمودی ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہے، ہندوتوا نظریے کے خلاف کھڑے ہونا ہماری پالیسی کا حصہ ہے، خدشہ ہے بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کےلیے کوئی مس ایڈونچر کرسکتا ہے، لیکن پاکستان اپنے دفاع کےلیے مکمل تیار ہے۔
ایف اے ٹی ایف سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزرات خزانہ سے زیادہ انہیں ایف اے ٹی ایف کا بخار چڑھا ہوا ہے، کیونکہ اس معاملے کا پاکستانی معیشت پر گہرا اثر ہے، پاکستان کو متاثر کرنے کے لئے بھارت پوری کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ترک وزیرخارجہ سے بات کی ہے اور مزید کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی بات کریں گے۔
Comments are closed.