غیرمتزلزل ارادے سے کشمیریوں نے بھارتی ڈرامہ الیکشن ناکام بنا دیا، سردار مسعود

اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ وادی میں اپنے تسلط کو قائم رکھنے کیلئے جعلی الیکشن کو عوام اور حریت قیادت نے یکسر مسترد کردیا ہے۔ بھارتی عزائم ناکام بنانے پر جموں و کشمیر کے عوام اور مشترکہ مزاحمتی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ

.”مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہیں بھارت سے آزادی کے سوا کوئی چیز قابل قبول نہیں اور اقوام متحدہ کی زیرنگرانی شفاف اور آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنا حق خود ارادیت چاہتے ہیں”۔

صدر آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ڈائریکٹر الطاف وانی سے ملاقات میں کیا۔ سردار مسعود خان نے الطاف وانی اور کشمیری وفد کی جانب سے اقوام متحدہ اجلاس کے دوران کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں اجاگر کرنے پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے عوام  اور حکومت پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی جرائم کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں بے نقاب کرتے رہیں گے۔

صدر ریاست نے امید ظاہر کی کہ برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ بھی کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی رپورٹ مرتب کر یں گی انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ عالمی میڈیا نے کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینا شروع کر دی ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشمیری و پاکستانی عوام اور تارکین وطن کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں اور بھارت کی کشمیریوں کیخلاف بربریت کو بے نقاب کریں۔

صدر آزاد کشمیر نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور آسیہ اندرابی  کے غیر متزلزل حوصلے کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت اور حریت رہنماؤں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے کا تاثر دینے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سردار مسعود خان نے حریت رہنماؤں کی نظربندی اور گرفتاریوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غیرقانونی طور پر گرفتاریوں کا نوجوان کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔

Comments are closed.