اسامہ بن لادن کے معاملے پر امریکا نے پاکستان کو دھوکہ دیا، آصف غفور

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق امریکا کو آگاہ کیا، لیکن واشنگٹن نے مشترکہ آپریشن کرنے کے بجائے خود اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کر کے ہمیں دھوکا دیا۔

راولپنڈی میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق تفصیلی پریس کانفرنس کے اختتام پر غیر رسمی گفتگو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ اسامہ بن لادن کا پتا لگانے کے حوالے سے پہلی کال پاکستان نے ٹریس کی تھی۔ اس کے بعد اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق امریکا سے انٹیلی جنس شیئرنگ کی گئی تھی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کا کہنا تھا کہ امریکا نے 2011 میں ہونے والے ایبٹ آباد آپریشن میں مشترکہ آپریشن کے بجائے خود اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کر کے پاکستان کو دھوکہ دیا۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ‘امریکا نے انٹیلی جنس شیئرنگ کے بعد پاکستان سے دھوکا بازی کی، وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں اسی تناظر میں بھی بات کی تھی’۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی پر ایبٹ آباد آپریشن کے لیے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی معاونت اور القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کی مخبری کا الزام ہے۔

Comments are closed.