کشمیرسے متعلق حکومت، فوج اورعوام ایک پلیٹ فارم پرہیں، فخرامام

اسلام آباد: کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام کا کہنا ہے کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف اور پالیسی واضح ہے اور اس حوالے سے حکومت، فوج اور عوام ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔

ڈی چوک اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پراقوام متحدہ میں چین نے پاکستان کی بھر پورحمایت کی، جس کے بعد روس بھی کھل کرسامنا آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس کی کھل کر حمایت کے بعد دنیا بھر نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر موقف پیش کیا جس سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیر یوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں عورتوں کی عصمت دری سے دنیا آگاہ ہے۔ کرفیو کے باعث نہتے کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ کشمیر کے حق کیلئے پاکستان کا ایک موقف ہے اور اس موقف پر افواج پاکستان ، حکومت اور عوام تمام ایک پیلٹ فارم پر کھڑے ہیں۔بھارت کے پاس کشمیریوں کا موقف تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے جبکہ عالمی برادری بھی اس حوالے سے بھارت پر اپنا دبائو بڑھائے تاکہ کشمیریوں کو اُنکے جائز حق مل سکے۔

مقررین نے کہا کہ قابض بھارتی فوج گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے، نوجوانوں کو گرفتار کرنے اور خواتین،بزرگوں کی مارپیٹ کرنے اور املاک کو تباہ کر کے صرف ہندوانہ دہشتگردی اور وحشیانہ ذہنیت کا اظہار کررہی ہے۔ بھارت کشمیری عوام کے خلاف فوج کشی، محاصرے میں قتل عام کی مہم جوئی اور بلاجواز گرفتاری، فوجی بربریت اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے آزادی کی تحریک کو نہیں دبا سکتی۔

مقررین نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے حالیہ جابرانہ اقدامات، ریاستی ڈھانچے میں تبدیلی سمیت تقسیم کو غیرقانونی، غیر آئینی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور پاک بھارت باہمی معاہدوں کی تذلیل ہے۔ بھارت کے قابض فوج نے مقبوضہ وادی میں خون کی جو ہولی شروع کررکھی ہے اس کے اختتام کا وقت آن پہنچا ہے۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت کے وحشیانہ اقدامات اور کرفیوں کے دوران ہی بھارتی ہندوں کو کشمیر میں بسانے کے عمل اور کشمیر عوام کے آبادی کے تناسب کو بدلنے اور سینکڑوں مندر تعمیر کرنے کی نیت سے زمینوں پر قبضہ کرنے شروع کر دئیے ہیں مگر کشمیری ان کے ناپاک عزائم میں انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مقررین نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی عوام بیرونی ممالک میں مقیم کشمیری تارکین وطن ، تاجر برادری اور ملازمین کے اتحادو یکجہتی کیساتھ اپنے وطن کی جدوجہد آزادی اور کشمیر پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے دنیا کو مسلسل آگاہ رکھنے کی اپیل کرتی ہے۔ اقوام متحدہ سے کشمیر میں امن  فوج، خوارک ،ادوایات اور ڈاکٹروں کے وفود بھیجنے کی اپیل ہے۔

اس موقع پر پاکستان سویٹ ھوم کے سربراہ زمرد خان، پی ٹی آئی کے سلیم بٹ، پیپلزپارٹی کی نبیلہ ارشاد سنیئرحریت رہنما غلام محمد صفی، الطاف احمد بٹ، شمیمہ شال، داوود احمد خان ،مسیحی برادری کے بشارت کھوکھر، بشیر عثمانی، رشید احمد میر، جمعت علماء اسلا م آباد کے رہنما صاحبزادہ امجد جمالی بھی موجود تھے۔

سردارانقلابی ایڈووکیٹ، طارق گجر، حریت رہنما عبدالمجید ملک، جماعت اسلامی کے امیربلال اشرف، اورحریت رہنماء اشتیاق حمید، الطاف احمد وانی، زاہد صفی، محمد شفیع ڈار، ایڈوکیٹ پرویز احمد نثار مرزا ،سید مظفر شاہ،مظفر احمد اور کینڈا سے آئے ہوئے سکھ برادری کے رہنمائوں نے بھی جلسے میں شرکت کی۔ مولانا شبیر کشمیری، مولانا شفیق الرحمٰن اور حریت رہنماء منظور احمد شاہ،زاھد اشرف، مشتاق احمد اور عبدالحمید لون کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جبکہ جلسے کے دوران ذوہیب زمان نے ”میں کشمیر ہوں”کا کلام پڑھا جس نے شرکاء کے دل موہ لیے۔

Comments are closed.