لاہور: پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے، انکے صاحبزادہ سلمان قادر نے اپنے والد کی وفات کی تصدیق کی ہے۔
سلمان قادر نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد عبدالقادر کو ہارٹ اٹیک ہوا جس پر انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے ہمیشہ حق سچ کی بات کی، کرکٹ اور کرکٹرزکے لئے آواز اٹھانے والے کی آواز ہمیشہ کے لئے بند ہو گئی۔
لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر نے 104 ایک روزہ میچز میں 132 اور 67 ٹیسٹ میچز میں 236 وکٹیں حاصل کیں، انہیں گگلی کا مؤجد بھی کہا جاتا ہے۔
عبدالقادر 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ مایہ ناز لیگ اسپنر تھے، کرکٹ کمنٹیری کے علاوہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آخری ایک روزہ میچ2 نومبر 1993 کو سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔
ٹیسٹ میچ میں ان کا ڈیبیو 14 دسمبر 1977 کو انگلینڈ کے خلاف جب کہ ون ڈے میچ میں 11 جون 1983 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوا۔
Comments are closed.