این ای ڈی یونیورسٹی کے انٹری ٹیسٹ، سندھ کے تعلیمی نظام کا پول کھل گیا

کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت داخلوں کےلیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ نے سندھ حکومت کے امتحانی معیارات اور تعلیمی نظام کی قلعی کھول دی۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت داخلوں کےلیےمنعقدہ انٹری ٹیسٹ نے سندھ سرکار کے تحت کام کرنے والے سرکاری تعلیمی بورڈزکی امتحانی اور اسسمنٹ کے معیارات اور صوبے کے تعلیمی نظام کی قلعی کھول دی۔

کیمبرج بورڈ، فیڈرل بورڈ اور آغا خان تعلیمی بورڈ کے مقابلے میں سوائے کراچی کے سندھ کا کوئی بھی تعلیمی بورڈ کا نتیجہ اس ٹیسٹ میں 37 فیصد سے زائد نہیں رہا۔

سندھ کے تعلیمی بورڈ میں محض کراچی وہ تعلیمی بورڈ ہے جس سے انٹر کا امتحان دے کر این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک ہونے والے 77 فیصد طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا ہے جبکہ حیدر آباد بورڈ سے انٹر کے امتحان دے کر این ای ڈی کے ٹیسٹ میں شریک طلبہ میں سے 64 فیصد طلبہ، میرپور خاص بورڈ کے 63 فیصد طلبہ، سکھر بورڈ کے 66 فیصد طلبہ اور لاڑکانہ تعلیمی بورڈ سے انٹر کرکے ٹیسٹ میں شریک ہونے والے 68 فیصد طلبہ انٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔

واضح رہے کہ این ای ڈی کے کسی بھی انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں انٹر میں 60 فیصد سے کم مارکس حاصل کرنے والے طلبہ داخلہ فارم ہی جمع نہیں کراسکتے۔ یاد رہے کہ این ای ڈی کے تحت منعقدہ اس ٹیسٹ میں کل 10387 طلبہ نے شرکت کی جس میں سے 6668 طلبہ نے یہ ٹیسٹ پاس کیا۔

Comments are closed.