ممبئی:تنوشری دتہ کے نانا پاٹیکر پر الزامات کے بعد بالی وڈ میں جنسی ہراساں کیے جانے کے خلاف ‘می ٹو مہم’ زور پکڑ گئی ہے۔عامر خان نے فلم ’موگل‘ کو خیرباد کہہ دیا، جس کی اہم وجہ فلم کے ڈائریکٹر سبہاش کپور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔
عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی جانب سےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی۔
عامر خان اور انکی اہلیہ نے لکھا، ‘بحیثیت تخلیقی افراد، حالات کے پیش نظر ہمارا یہ عزم ہے کہ ہم سماجی مسائل کا حل نکالتے رہیں گے، عامر خان پروڈکشنز میں ہمیشہ سے جنسی ہراسانی یا غیراخلاقی رویے کی کوئی گنجائش نہیں رہی ہے، ہم جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اس طرح کے ہر برے فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں’۔
انہوں نے مزید لکھا، ‘دو ہفتے قبل جب می ٹو کہانیاں سامنے آئیں تو اس نے ہماری توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ جس کے ساتھ ہم کام کرنے جارہے ہیں ان پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے اور یہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم کوئی تحقیقاتی ایجنسی نہیں، نہ ہی ہمیں فیصلہ کرنے کا اختیار ہے، یہ کام پولیس اور عدالت کا ہے لیکن جب تک عدالت کی جانب سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آجاتا تب تک فلم سے کنارہ کشی اختیار کی جائے گی’۔
مزید کہا گیا کہ یہ ایک بہت اچھا موقع ہے کہ ہماری فلم انڈسٹری بہتر ہوسکے اور خواتین کو ہراساں کرنے پر سخت ایکشن لیا جائے تاکہ انڈسٹری میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔
عامر خان اور کرن راؤ کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے کچھ بھی کرنے کے لیے پر عزم ہیں تاکہ ہماری انڈسٹری میں سب محفوظ اور خوشگوار ماحول میں کام کریں۔
Comments are closed.