لاہور: پنجاب کی سیاست میں بڑی ہلچل دیکھنے میں آئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے مشیر عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
شہباز گل نے اپنا استعفیٰ عثمان بزدار کو بھجوا دیا ہے، مختصر استعفے میں انہوں نے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہونے کی بظاہر کوئی وجہ نہیں لکھی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اعلیٰ عہدوں پر تقرر و تبادلوں کے معاملے پر عثمان بزدار سے اختلاف شہباز گل کے استعفے کی وجوہات میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ناقص طرزحکمرانی اور بڑھتے مسائل پر شہباز گل کے لئے حکومت کا دفاع مشکل ہو گیا تھا۔
ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے خود مستعفی ہونے استدعا کی تاکہ عزت رہے، ان کو وزیراعلیٰ نے غیر ضروری مداخلت کرنے پر متعدد بار روکا بھی تھا۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل بعض پولیس اور ڈسٹرکٹ افسران سے بھی الجھتے رہے، انہوں نے چند روز قبل وزراء اور پارٹی رہنمائوں پر شدید تنقید کی تھی۔ جس کی وجہ سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے دوروں کے دوران انہیں ساتھ آنے سے روک رکھا تھا۔ شہباز گل کی مداخلت پر عثمان بزدار نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان سے ہونیوالی حالیہ ملاقات میں شہباز گل سمیت کچھ افراد کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کیے، جس پر وزیراعظم نے ان کی فوری تبدیلی کی منظوری دی تھی۔
دوسری طرف پنجاب حکومت سے الگ ہونے کے بعد پہلے ٹویٹ میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ان کے قائد ہیں اور اپنے قائد پر فخر ہے جو ان شاء اللہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔
مجھے اپنے لیڈر عمران خان پر فخر ہے جو انشاءاللہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے
پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے پہلے بھی خان کا سپاہی تھا اور اب بھی ہوں!
وطن عزیز کی خدمت کیلئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں!
پاکستان زندہ باد!— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) September 13, 2019
شہباز گل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے پہلے بھی خان کا سپاہی تھا اور اب بھی ہوں!، وطن عزیز کی خدمت کیلئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چوہدری کو ناقص کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ان کی جگہ پر آصف محمود کو مشیر برائے ہارٹی کلچر اینڈ ٹورازم مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسد کھوکھر کو پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب میں ہونے والی اکھاڑ پچھاڑکے دوران وزیراعلیٰ بیرون ملک روانہ ہوچکے ہیں۔
Comments are closed.