اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں صدی کے آخر تک درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جائے گا۔ درجہ حرارت بڑھنے سے 2035 تک گندم کی پیداوار 5 سے 19 فیصد کمی واقع ہو جائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس سینیٹر منزہ حسن کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں درجہ حرارت بڑھنے سے گندم کی فصل میں کمی، فضائی آلودگی، فیول کوالٹی مانیٹرنگ اور سندھ میں شجرکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
سیکرٹری جنگلات سندھ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں بہت شجرکاری کی ہے،اس مقصد کے لئے مختلف چینلزکے ساتھ ساتھ اسکولوں کو بھی شامل کر رہے ہیں لیکن شجرکاری میں رکاوٹ اور جنگلات کٹائی میں ملوث افراد پکڑنے پر سیاستدانوں کی فون کالز آجاتی ہیں کہ اس مرتبہ چھوڑ دو، پارلیمنٹیرینئز سے درخواست ہے ایسا نہ کیا کریں ہمیں کام کرنے دیا جائے۔
کمیٹی میں فضائی آلودگی سے متعلق جھوٹی اور غیر مستند معلومات کا معاملہ بھی زیرغورآیا۔ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سوشل میڈیا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے فضائی آلودگی کے حوالے سے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اب مصدقہ معلومات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی جائیں گی۔
ماحولیاتی تحفظ کے قومی ادارے کے سربراہ نے کمیٹی کو بتایا کہ کچھ لوگ چھوٹی چھوٹی ڈیوائسز سے غلط معلومات شئیر کر رہے ہیں، اب ہم اپنی رپورٹ میں باقاعدہ انتباہ شامل کر رہے ہیں کہ وہ معلومات مستند نہیں ہے۔
گلوبل چینج امپیکٹ سٹڈی سینٹر (جی سی آئی ایس سی ) کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو درجہ حرارت بڑھنے کے اثرات پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں صدی کے آخر تک ملک کا درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جائے گا۔ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے پاکستان میں گندم کی فصل میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے، درجہ حرارت یوں ہی بڑھتا رہا تو 2035 تک مختلف علاقوں میں گندم کی پیداوار 5 سے 19 فیصد کمی واقع ہو جائے گی۔
کمیٹی کی چئیرپرسن منزہ حسن نے کہا کہ ہر تحقیق کے مختلف اعداد و شمار سامنے آ رہے ہیں، 2035 یا 2085 تک کی ریسرچ کے بجائے آئندہ 5 سے 10 سال میں ہونے والی ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق اعداد و شمار بتائے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ 15 یا 19 فیصد تک گندم کی فصل میں کمی نہایت تشویش ناک امر ہے جس کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
موسم کی صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھنے کیلئے چینل اور موبائل ایپ متعارف
موسم کی صورتحال سے عوام کو ہر لمحہ آگاہ رکھنے کے لیے محکمہ موسمیات نے چینل کے ساتھ ساتھ موبائل ایپ بھی متعارف کرا دی ہے۔ وزیرہوا بازی نے اپیلی کیشن کا افتتاح کیا۔ موبائل ایپ اور موسمیاتی یوٹیوب چینل سے موسم کی بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔ عام آدمی کو موبائل ایپ پرآڈیو ویڈیو پیغامات کے ذریعے موسم کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا۔
موسم کی صورتحال کو خبرنامے کے ذریعے عام آدمی تک پہنچایا جائے گا۔ سوشل میڈیا اور موبائل ایپ پر موسم سے متعلق معلومات دستیاب ہوگی جبکہ محکمہ موسمیات کی نئی ویب سائٹ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے محکمہ موسمیات میں آئی ٹی سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔
Comments are closed.