آصف زرداری کی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد، ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ جب کہ پارک لین کیس میں سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی جاوید حسین وعدہ معاف گواہ بن گئے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا جس میں قرار دیا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی اور اسپتال کو سب جیل قرار دینا اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں تاہم جیل حکام ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اسپتال کو سب جیل قرار دے سکتے ہیں۔

عدالت نے جیل سپریٹنڈنٹ کو آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں مناسب اقدامات کر کے اس حوالے سے رپورٹ 22 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزم سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر  جاوید حسین سابق صدر کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

 قومی احتساب بیورو (نیب ) کی ٹیم نے پارک لین ریفرنس میں جاوید حسین کا جسمانی ریمارنڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت پیش کیا، پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزم جاوید حسین سے مزید تفتیش کرنی ہے، ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کے جسمانی ریمارنڈ کو کتنے روز ہو چکے ہیں؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ جاوید حسین کے ریمارنڈ کو 49روز ہو گئے ہیں، تاہم تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی مزید جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔

Comments are closed.