اسلام آباد: ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ میلپاس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کاروباری آسانیوں سے متعلق رینکنگ میں بہتری آئی، پاکستان تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے۔
تین روز دورہ پاکستان پر موجود عالمی بینک کے سربراہ نے کاروبار میں آسانیوں سے متعلق اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر ورلڈ بینک کا کہنا تھا کہ کاروبارمیں آسانیوں سے متعلق تقریب میں شرکت پرخوشی ہے، گزشتہ ہفتے کاروبار سے متعلق رپورٹ شائع ہوئی، وزیراعظم عمران خان کاروبار میں آسانی سے متعلق اقدامات پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔
صدر عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک ہے، پاکستان میں کاروباری آسانیوں سے متعلق رینکنگ میں بہتری آئی ہے، خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کے اقدامات بھی حوصلہ افزاء ہیں۔ ورلڈ بینک پاکستان کو ایک کامیاب اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے اور پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی اصلاحات کا مقصد معاشی استحکام ہے، اصلاحات سے درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار کو فروغ ملے گا، محصولات کی وصولی آسان اور کاروباری طبقےاور حکومت کے درمیان دوری کم ہوگی، پاکستان میں اہم اصلاحات کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، پاکستان کو اپنی برآمدات میں نمایاں اضافے کی ضرورت ہے۔
صدر ورلڈ بینک کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے صدر ورلڈ بینک نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی،جس میں معیشت سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کاروبار اور روزگار کے لیے سازگار ماحول فراہمی، عوام کو بہترین تعلیم، صحت کی سہولیات اور مختلف ہنر فراہمی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک ہے کیونکہ یہاں عوامی فلاحی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
عالمی بینک کے صدر کا کہنا تھا کہ اس دورے سے انہیں پاکستانی معیشت کو سمجھنے کا بہترین موقع ملا ہے، معیشت سے متعلق وزیراعظم اور وزرائے اعلی کی ترجیحات جاننا چاہتے ہیں، ورلڈ بینک پاکستان میں کاروبار اور ملازمتوں کا ماحول بہتر بنانے کےلئے تعاون کا خواہش مند ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے امورخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، گورنراسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر بھی موجود تھے۔
Comments are closed.