کنٹینر سیاست دفن ہوچکی، عوامی سمندر سلیکٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا، شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو خس وخاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن کے آزادی مارچ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ اب آئی ہے، عمران خان کی کنٹینر کی سیاست آج یہاں دفن ہورہی ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا، جب تک ملک کی عمران خان سے جان نہیں چھوٹتی ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جادو ٹونے کے ذریعے حکومت چلارہے ہیں جب کہ حکومت میں وزراء و مشیران کی تعیناتیاں پھونکیں مار کر کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کوآزادی مارچ سے بڑی چڑ ہے، کنٹینر سیاست عمران خان نے شروع کی تھی، عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا یہاں لوگ بے روزگارہورہے ہیں، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں غربت اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، 22 کروڑعوام کی چیخیں نکل گئیں آج عمران خان کی چیخیں نکلنی چاہئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ حکمرانوں کو گھروں میں بھیج کر مہنگائی، بیروزگاری سے عوام کی جان چھڑائیں گے، انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتوں نے مل کر چھ میں ملک ک معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا نہ کر دیا تو ان کا نام تبدیل کر کے عمران نیازی رکھ دیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مولانا کی جرات اور دلیری کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان میں تبدیلی آئے گی، جھوٹ کی سیاست ختم ہو گی، ہمیں عمران نیازی ڈینگی برادران کہتا تھا لیکن رواں سال 50 ہزار افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے اور ڈینگی کے دوران عمران خان کہیں نظر نہیں آیا، آج مفت ادوایات کی سہولت ختم کر دی گئی ہے، تاجروں سے روزگار چھین لیا گیا ہے۔

Comments are closed.