اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ہونہار اور مستحق طلبا کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ جس کے تحت سالانہ 50 ہزار کی شرح سے 4 برس میں 2 لاکھ طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔
انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام معاشرے میں بڑی تبدیلی لے کرآئے گا، نوجوانوں کومواقع نہیں دیں گے تو ان کے پاس کیا راستہ رہ جائے گا، نوجوانوں کوروزگار اورترقی کے مواقع نہیں ملیں گے تو وہ جرائم کی طرف جاسکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی کے 90 فیصد گریجویٹس کو تعلیم مکمل کرتے ہی نوکریاں مل گئیں جب کہ نمل یونیورسٹی میں 92 فیصد غریب گھرانوں کے بچے اسکالرشپس پرپڑھتے ہیں، غربت ختم کرنے کے لیے نوجوانوں کومواقع فراہم کرنا ہوں گے کیوں کہ غربت کم کرنے کا سب سے بہترین طریقہ غریب لوگوں کو اوپر آنے کا موقع دینا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مختلف نظام تعلیم سے ناانصافی بڑھی، کوئی معاشرہ بچوں کے ساتھ ایسا ظلم نہیں کرتا، دیگر ممالک میں بہترین تعلیم سرکاری اسکولوں میں ہے جب کہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی، مدارس کے طلبہ کو ترقی کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں ضرورت مند نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجوایٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کروں گا جس کے تحت سالانہ 50 ہزار کی شرح سے 4 برس میں 2 لاکھ طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے احساس پروگرام کی چھتری تلے انسانی سرمائے کی ترقی کے پیش نظر ان وظائف کا 50 فیصد طالبات کیلئے مختص ہے۔
Comments are closed.