مقبوضہ کشمیر میں 15 روز کے اندر تیسرا گرنیڈ حملہ، 1 شخص ہلاک 34 زخمی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی سبزی منڈی میں نامعلوم افراد گرنیڈ پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پیرا ملٹری پولیس کے 3 اہلکار سمیت 34 شہری زخمی ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 15 روز میں تیسرا گرنیڈ حملہ ہوا ہے۔ تازہ حملہ ہری سنگھ اسٹریٹ پر واقع سبزی منڈی میں کیا گیا ہے حملے کے وقت مارکیٹ میں گاہکوں کا ہجوم تھا، گرنیڈ پھٹنے سے 1 شخص ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں پیرا ملٹری پولیس فورس کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔

امدادی اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اس سے قبل 28 اکتوبر کو سوپور میں بس اسٹینڈ پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 20 شہری زخمی ہوگئے تھے، جب کہ 12 اکتوبر کو ایک مارکیٹ پر گرنیڈ حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 26 ستمبر کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے پھلوں کے تاجروں اور سبزی کے تھوک فروشوں پر حملوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 25 اکتوبر کو پھلوں کی ترسیل پر مامور ٹرکوں کے 2 ڈرائیوروں کو ہلاک اور ایک زخمی کردیا گیا تھا جب کہ ٹرکوں کو آگ لگادی گئی تھی۔

Comments are closed.