ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہیے، حکومت نے ان کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ نواز شریف جہاں چاہیں علاج کرا سکتےہیں، ہم ان کی صحت کیلئےدعاگوہیں، ہم چاہتے ہیں نواز شریف صحت یاب ہو کر آئیں اور سیاست شروع کریں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہیے، ان کی حالت تشویش ناک ہے، حکومت نے ان کے باہر جانے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی بلکہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو اگر کوئی شکوہ ہے تو وہ بھی اپنے والد آصف زرداری کی بیماری کے ٹھوس ثبوت دیں۔
وزیر خارجہ نے بابری مسجد فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد کا فیصلہ متنازعہ اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے، یہ فیصلہ کرتا پور راہداری کے کھلنے کے دن دیا گیا، بھارت میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کی جا رہی ہے، 97 روز سے کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے، علی گڑھ میں بھی انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بھارت گاندھی اور نہرو کا بھارت نہیں رہا بلکہ انتہاء پسند آر ایس ایس کا بھارت بن رہا ہے، مودی سرکار کالے قوانین کے ذریعے انسانی حقوق پامال کر رہا ہے، اس کے مقابلے میں پاکستان نے کرتار پور راہداری کھول کے خیر سگالی کا پیغام دیا۔
Comments are closed.