پشاور ہائی کورٹ نے جے یو آئی (ف) کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا

پشاور: ہائی کورٹ نے جمعیت علماء اسلام (ف) کو حکومت مخالف آزادی مارچ کے ’پلان بی‘ کے تحت دھرنوں کے دوران سڑکیں بند کرنے سے روک دیا۔

جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے جمعیت علماء اسلام(ف) کے پلان بی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار شاہ فیصل اتمان خیل نے موقف اختیار کیا کہ سڑکیں بند کرنا شہریوں کی بنیادی و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جے یو آئی کو سڑکیں بند کرنے سے روکا جائے، کیونکہ اس سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جسٹس اکرام اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہم حکم امتناعی جاری کرتے ہیں باقی عملدرآمد کرانا حکومت کا کام ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے جے یو آئی کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا۔

Comments are closed.