حکومت کا انقلابی اقدام: تارکین وطن کوسہولیات فراہمی کیلئے سفارتخانوں میں جدید نظام لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک انصاف حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے بڑا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا بھر میں موجود سفارتخانوں کو تارکین وطن کو بہترین قونصلر سروسز فراہمی کے لئے نیا نظام متعارف کرانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے تمام پاکستانی سفارت خانوں کو جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ اوورسییز پاکستانیوں کو بہترین قونصلر سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ’کیو مینجمنٹ سسٹم‘ فوری طور پر قائم کیا جائے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، اپنا خون پسینہ بہا کر، زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔تارکین وطن کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔’ کیو مینجمنٹ سسٹم‘ کے قیام سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں بہترین اور تیز ترین قونصلر سروسز میسر آئیں گی۔

Comments are closed.