بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، مزید 3 کشمیری نوجوان شہید، 4 گرفتار

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم اپنی انتہاء تک پہنچ گئے ہیں، قابض بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

خبر رساں ادارے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلواما میں نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا، بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے منع کردیا اور شہید ہونے والوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی۔

عینی شاہدین اور علاقہ مکین قابض بھارتی فوج کے دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور پر امن مظاہرہ کیا جسے سبوتاژ کرنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا، اور آنسو گیس کی شیلنگ، ہوائی فائرنگ اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ غاصب بھارتی فوج کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔

اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، خواتین کی بے حرمتی، بزرگوں کی تذلیل اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا جب کہ قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر 4 نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔

Comments are closed.