لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اور نیب گٹھ جوڑ میں کوئی شک نہیں رہا، انہوں نے میرے اور میرے بچوں کے اثاثے منجمد کیے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں انہیں سرخرو کیا، انہوں نے کہا کہ عدالت نے میری ضمانت منسوخی کی نیب درخواست مسترد کردی، نیب نے جیسے درخواستیں واپس لیں اور عدالتی ریمارکس نے دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اور نیب گٹھ جوڑ میں کوئی شک نہیں رہا، انہوں نے شرمندگی سے بچنے کے لیے میرے اثاثے منجمد کیے، الیکشن کمیشن اورایف بی آرمیں میرے تمام اثاثے ظاہرہیں، مجھ پر یا میرے بچوں پرکرپشن ثابت ہوئی توسیاست چھوڑدوں گا۔
نواز شریف اور اس کی ٹیم کی بے گناہی سامنے آتی رہے گی
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے سوالات کیے لیکن جب نعیم بخاری نے دیکھا کہ ان کی دال نہیں گل رہی تو انہوں نے درخواست واپس لینے میں عافیت جانی، ہمارے لیے عزت کی اس سے بڑی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف سب سے پہلا جو کیس بنایا گیا وہ یہ آشیانہ تھا جس میں مجھے 5 اکتوبر 2018 کو صاف پانی پر بلایا اور آشیانہ پر گرفتار کیا اور پھر ساڑھے پانچ مہینے نیب کے عقوبت خانے میں رہا اور پھر جوڈیشل ریمانڈ پر رہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہیں یقین کامل ہے کہ نواز شریف سمیت ان کی ٹیم کے ہر ایک فرد کی بے گناہی سامنے آتی رہے گی اور آرہی ہے اور نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے لے کر 2018 تک تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ترقی کے منصوبے شروع کیے گئےان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔
وزیراعظم سے کسی معاملے پر بات نہیں ہوسکتی
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان سے بڑا جھوٹا شخص نہیں دیکھا، عمران خان احسان فراموش اورغصے سے بھرا انسان ہے، انتشارکے بیج حکومتی پارٹی نے بوئے، ہم سب متحد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کسی معاملے پر بات نہیں ہوسکتی۔
عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں، کہاں گئے 50 لاکھ گھر، ڈیڑھ سال میں ایک گھربھی نہیں بنا اور وہ ایک کروڑنوکریاں کہاں گئیں، پشاورمیں بی آرٹی منصوبےمیں اب بھی توڑپھوڑچل رہی ہے، حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگارہوئے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جتنی جلدی ان ہاوَس تبدیلی لائی جائے اس میں قوم کی بہتری ہے کیوں کہ عمران خان نے پاکستانی معیشت کوتباہ کردیا، پاکستان اس کامزید متحمل نہیں ہوسکتا۔
Comments are closed.