اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس پھر اہم مرحلے میں داخل ،خصوصی عدالت کا 17 دسمبر کو فیصلہ سنانے کا عندیہ ،جسٹس نذر اکبر کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتے پراسیکیویشن کے ہاتھوں میں کھیلا جائے۔
خصوصی عدالت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی، نئی پراسیکیویشن ٹیم عدالت کے رو برو پیش ہوئی۔ پراسیکیوٹر علی ضیاء باجوہ نے موقف اپنایا کہ ایک روز قبل ہی تعیناتی ہوئی، تین ہزار صفحات کا ریکارڈ دیکھنے کےلیے15 دن دیئے جائیں۔
جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیئے کہ زیادہ مہلت نہیں دے سکتے اس مقدمے کو ترجیحی بنیاد پر لڑیں، جسٹس نذر اکبرنے کہا کہ نہیں چاہتے پراسیکیوشن کے ہاتھوں میں کھلایا جائے تیاری کیلئے چارروز بہت ہیں۔
پرویزمشرف کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اس عدالت میں کچھ قانونی نکات کو دیکھا ہی نہیں گیا۔ جسٹس نذراکبر نے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ آپ کو نہ سنا جائے، کوئی مسئلہ ہے تو سپریم کورٹ جائیں،عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ دلائل سن کر 17 دسمبر کو فیصلہ سنادیں گے۔
Comments are closed.