کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کیلئے پاکستان پر دباو نہیں ڈالا، سعودی عرب

اسلام آباد:سعودی عرب نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔ اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے  پاک سعودی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو۔

پاکستان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک سعودی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تزویراتی تعلقات اعتماد، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کے رشتے پر قائم ہیں۔

سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں علاقائی، عالمی اور امت مسلمہ کے معاملات پر اتفاق پایا جاتا ہے،،سعودی عرب ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ ہے، ہمیشہ ساتھ دیا تاکہ پاکستان کامیاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملائیشیا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں  کہا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ کے باعث کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت کی صورت میں سعودی عرب میں 40 لاکھ پاکستانیوں کو ہٹا کر اُن کی جگہ بنگلا دیشی شہریوں کو ملازمت دینے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی گئی سعودی امدادی رقم واپس لینے کی دھمکی بھی دی گئی اور اسی دباؤ کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی۔

Comments are closed.