اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان پر غداری کا الزام عائد کر دیا، کہتی ہے کہ بیرونی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان پر مسلط کیے گئے عمران خان غدار ہیں ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نےاحسن اقبال کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ احسن اقبال کو بار بار خاموش رہنے کا پیغام دیا گیا لیکن وہ سچ بولتے رہے، سچائی عوام کے سامنے رکھنے کی پاداش میں عالمی گداگروں اور جھوٹے چوروں نے انہیں گرفتار کرادیا۔
پیپلز پارٹی کے دور میں شروع ہونے والا منصوبہ مردہ ہو چکا تھا، نوجوانوں کے صحت مند مستقبل کے لئے احسن اقبال نے اس مردہ منصوبے میں جان ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب کو پشاور بی آر ٹی منصوبے کے اربوں کے گڑھے نظر نہیں آتے؟ ایک ارب کے گڑھوں کا حکم امتناع ختم کرنے کے لیے سپریم کورٹ کیوں نہیں جاتے؟
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری سے نیب نیازی گٹھ جوڑ سامنے آگیاہے، ایک خاص سازش کے تحت اس ملک پر وزیراعظم کو مسلط کیا گیا، مسلط وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کی، غیرملکی فنڈنگ سے اس ملک پر مسلط ہوئے، عمران خان ملک کے غدار ہیں ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اور نیب مل کر جتنی بھی گرفتاریاں ڈال لیں ہمارا ہر کارکن ڈٹ کر کھڑا ہے، قانون کی حکمرانی تک مسلم لیگ کی قیادت اور کارکنان جنگ لڑیں گے۔
Comments are closed.