ملک پرسیاسی یتیموں کا راج ہے،کوفے کی سیاست سے مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی، بلاول بھٹو

راولپنڈی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے پاکستان کے نام پر سیاسی یتیموں کا راج ہے، کوفے کی سیاست سے مدینے کی ریاست نہیں بن سکتی، اصلی جمہوریت بحال کرکے رہیں گے۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 12 ویں برسی کے موقع پر ان کی جائے شہادت لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بی بی نے جلا وطنی کاٹی اور جان کو لاحق خطرے کے باجود واپس آئیں۔ 2007ء میں اسی جگہ انہوں نے آخری خطاب کیا لیکن مسلم امہ کی پہلی خاتوں وزیراعظم کو شہید کر دیا گیا۔ ایک خاندان سے والد، دونوں بیٹے اور پھر بیٹی بھی شہید کر دی گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھٹو خاندان طاقت کا سرچشمہ عوام کو سمجھتے تھے، پیپلز پارٹی نے انتقام اور انتشار نہیں پھیلایا، روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا کیا۔ سابق صدر آصف زرداری نے مفاہمت کی سیاست کی۔ سوات، مالاکنڈ کو دہشت گردوں سے آزاد کروایا اور ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی گواہ ہے کہ شہید بھٹو قائد عوام تھے جنہوں نے ٹوٹا ہوا ملک جوڑا، ملک کو آئین دیا، اسے ایٹمی قوت بنایا اور مسلم امہ کو لاہور میں جمع کیا، شہید ذوالفقا بھٹو نے مزدوروں کو حقوق دیے، عوام کو ووٹ کا حق دلوایا۔ لیکن ہر گلی اور ہر محلہ گواہ ہے کہ انہیں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو کی بیٹی نے اپنے والد کا پرچم تھاما اور ان کی جدوجہد جاری رکھی۔ شہید بی بی نے 30 سال عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے میڈیا کو آزاد کرایا۔ 2 آمروں کا مقابلہ کیا۔ بی بی شہید کے شوہر کو 12 سال پابند سلاسل رکھا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں آج بحران ہی بحران ہے۔ صوبوں سے ان کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ ملک میں ڈاکٹر اور طالب علم سراپا احتجاج ہیں۔ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس سے محروم کر دیا گیا ہے۔ غریبوں سے ان کی چھت چھینی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے۔ آج پارلیمنٹ پر تالا لگ چکا ہے۔ ایک بار پھر یہ دھرتی پکار رہی ہے کہ میں خطرے میں ہوں۔ 18ویں ترمیم پر حملے ہو رہے ہیں اور صوبوں سے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالا گیا۔ ملکی معاشی فیصلے عوام نہیں بلکہ آئی ایم ایف لے رہا ہے،کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں نئے پاکستان کے نام پر سیاسی یتیموں کا راج ہے۔ بی بی شہید کے مشن کو جاری رکھوں گا اور اسے مکمل کروں گا۔ یہ تجربہ فیل ہو چکا، ملک میں آئینی اور معاشی بحران ہے۔

اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم آگے جا کر بھی عوام کی خدمت کریں گے اور ایک دن ہم عوام کی حکومت لائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ خوبصورت ملک دیا ہے جسے عقل کے ساتھ آگے لے کر جایا سکتا ہے۔ ہم سب چیئرمین پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں، ہم عوام کی مشکلات آسان کریں گے۔ بلاول بھٹو سب مشکلات سے نکل کر آگے بڑھے گا۔

Comments are closed.