اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس 2019ء کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ساتھیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان اپنی حکومت کے ہر منصوبے کی انکوائری روکنے کے لئے نیب آرڈیننس لا رہے ہیں، سلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے اگر چوری نہیں کی تو اپنی حکومت کے کرپشن میں ڈوبے منصوبوں کی نیب انکوائری بند کرنے کے لئے آرڈیننس کیوں لارہے ہیں؟ آپ جیسے جھوٹے، چوراورکرپٹ لوگ این آراو اوراداروں کو استعمال کرکے احتساب کا راستہ روکتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان پشاور میٹرو، مالم جبہ اورہیلی کاپٹر مقدمات میں نیب تفتیش رکوانے کے لئے آرڈیننس لا رہے ہیں لیکن پشاورمیٹروکے ایک کھرب 25 ارب کے کھڈے این آر او پلس سے نہیں چھپائے جا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں سے 40 سال کا حساب لیکن علیمہ باجی، فیصل واوڈا اور جہانگیر ترین کو این آر او دیا گیا جب کہ اب اپنی حکومت اور دوستوں کی چوری چھپانے کے لئے نیب گٹھ جوڑ کے ذریعے این آر او پلس لایا جارہا ہے، اپنی کرپشن کونیب آرڈیننس کے ذریعے چھپانا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی کہا کہ نیب کی ہواؤں کا رخ بدلنے پر حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس لے آئی، وزیراعظم نے خود کو اور اپنے دوستوں کو بچانے کے لیے نیب ترمیمی آرڈیننس کا سہارا لیا، اور اس کا انہوں نے کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران برملا اظہار کیا۔اس سے نیب نیازی گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے، ہم نیب کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔
رہبر کمیٹی کے کنونیئر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نیب، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کے اداروں کو متنازع بنا دیا ہے، اپوزیشن کے میڈیا میں کھل کر بات کرنے والے رہنماؤں کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے، احسن اقبال کو بھی اسی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، حکومت کی اداروں کو لڑانے کی کوشش نقصان دہ ہے اور ہم اداروں کی آپس میں لڑائی نہیں چاہتے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما اور وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے اپنے رویے کو تبدیل نہیں کیا، پیپلز پارٹی نے نیب قانون کی ہمیشہ مخالفت کی ہے، وزیراعظم کے کچھ دوست نیب کے ریڈار پر ہیں، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد اب وہ خوش ہوں گے، نیب ترمیمی آرڈیننس عمران خان اور ساتھیوں کو بچانے کے لیے ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے مالی معاونین کو نیب سے بچایا جائے۔
Comments are closed.