اسلام آباد/ مظفرآباد: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حیثیت میں تبدیلی تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا، بعض عناصر ایسی افواہوں کے ذریعے ہیرو بننے اور سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل راجہ مصدق خان کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رابطہ دفتر کا دورہ کیا جہاں پیپلز پارٹی کے صدر چودھری لطیف اکبر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ کشمیر کی موجودہ صورت حال، کنٹرول لائن پر جاری بھارتی جارحیت، شہریوں کی نقل مکانی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارت کی طرف سے آزادکشمیر پر حملے کی دھمکیوں پر مشترکہ سیاسی اور سفارتی حکمت مرتب کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔
دونوں وفود نے حریت کانفرنس کی قیادت کی مسلسل نظربندی اور اسیری بالخصوص یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور محترمہ آسیہ اندرانی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ راجہ مصدق خان نے چودھری لطیف اکبر کو کامیاب کل جماعتی کشمیر کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دی اور پی ٹی آئی کی طرف سے پاکستانی جماعتوں کی کل جماعتی کشمیر کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس عزم اظہار کیا کہ وہ سیاسی اور جماعتی مفادات اور وابستگیوں سے بالاتر ہوکر مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے اور بھارتی چیرہ دستیوں اور مظالم کو بے نقاب کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
چودھری لطیف اکبر نے اس طرح کی افواؤں کو مسترد کیا کہ آزادکشمیر کے موجودہ اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گفتگو تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ میں چھراگھونپنے کے مترادف ہے۔
راجہ مصدق خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر کی وحدت اورآزاد کشمیر کے موجودہ اسٹیٹس کے حوالے سے عوامی جذبات سے پوری طرح ہم آہنگ ہے اور وفاقی حکومت کی سطح پر ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں بلکہ بعض سیاستدان اس طرح کی گفتگو ہیرو بننے اور سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔
دونوں جماعتوں کی قیادت نے دوطرفہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار مرتضے علی، قاضی اسرائیل، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود جب کہ پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری پرویز اشرف، جنرل سیکرٹری فیصل راٹھور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار گل نواز خالق، چیف آرگنائزر اظہر گیلانی، سیکرٹری اطلاعات اعزادار حسین شاہ، سوشل میڈیا ہیڈ شاہین کوثر ڈار بھی گفتگو میں شریک رہیں۔
Comments are closed.