کوئٹہ مسجد میں دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت 15افراد شہید، وزیراعظم نےرپورٹ طلب کرلی

کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مسجد میں بم دھماکے سے ڈی ایس پی امان اللہ سمیت کم از کم 15 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد کی مسجد میں دھماکہ اس وقت کیا گیا جب نمازیوں کی بڑی تعداد نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد میں موجود تھی۔دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ مسجد کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور دھماکے کی آواز دور در تک سنائی دی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ پندرہ افراد شہید جب کہ 20 کے قریب زخمی ہو گئے۔

واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے شہید افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی جب کہ متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے سٹیلائٹ ٹاون مسجد کے اندر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی،وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےجب کہ صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے بھی سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Comments are closed.