رانا ثناء اللہ کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج، بیرون ملک جانے پر بھی پابندی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشکلات میں پھر اضافہ ہونے لگا، وفاقی کابینہ نے رانا ثناء اللہ کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی جب کہ انسداد منشیات فورس کی جانب سے لیگی ایم این اے کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج بھی کر دیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارش پر رانا ثناء اللہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی گئی۔

دوسری جانب نے انسداد منشیات فورس نے رانا ثناء اللہ کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست سپریم کورٹ سے رجوع کی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت عالیہ نے لیگی ایم این اے سے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

راناثناء اللہ کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف نے کہا کہ کیا کوئی گرفتار ہونے والا شخص کہتا ہے کہ میں گناہ گار ہوں، سرعام قتل کرنے والے نے کبھی کہا میں مجرم ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ  معاملہ عدالت میں ہے رانا ثنا اللہ اپنی بے گناہی کے شواہد اور ثبوت ثبوت عدالت کے سامنے پیش کریں، رانا ثناء اور شہر یار آفریدی دونوں نے حلف لے رکھا ہے، شخصیات پرچی نکالیں، اس میں سے نکل آئے گا کون گناہ گار ہے۔

Comments are closed.