برمنگھم: مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کیخلاف بیرون ممالک میں مقیم کشمیری اور سکھ برادری سراپا احتجاج ہے، برطانیہ میں مقیم سکھ اور کشمیری کمیونٹی نے 26 جنوری کو بھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر مظاہرے کا اعلان کر دیا۔
برطانیہ میں ورلڈ سکھ پارلیمٹ اور تحریک کشمیر (برطانیہ) نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر 26 جنوری کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی اور ورلڈ سکھ پارلیمنٹ کے ترجمان رنجیت سنگھ نے برمنگھم میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 167 دنوں سے لاک ڈاون اور محاصرہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو اپنے حقوق کیلئے بولنے کی آزادی نہیں، متنازعہ شہریت بل سے مودی سرکار کے عزائم کھل کر سامنے آگئے، بھارت کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں۔26 جنوری کو مودی سرکار کے بھیانک چہرے سے نام نہاد جمہوریت کا نقاب اتار پھینکیں گے۔
Comments are closed.