پولیو سے پاک پاکستان ایک خواب۔۔۔ تین صوبوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسلام آباد: پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ایک خواب بنتا جا رہا ہے، ملک کے تین صوبوں میں پولیو وائرس کی تصدیق انسداد پولیو مہم اور حکومت کی کوششوں پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو وائرس پھر سے پنجے گاڑنے لگا، پنجاب،سندھ، بلوچستان کے11 سیوریج پوائنٹس پر پولیو وائرس پایا گیا، جب کہ خیبرپختونخوا کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

وزارت قومی صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی، حیدر آباد، لاہور، پشین کے گٹروں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ حیدر آباد کے تلسی داس پمپنگ سٹیشن کے گٹر میں پولیو وائرس پایا گیا، اس کے علاوہ کراچی کے بلدیہ، اورنگی نالہ، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ ،ہجرت کالونی ،حاجی مرید گوٹھ کے گٹر میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے تروا کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا، لاہور کے آئوٹ فال سٹیشن ایف، ایچ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم پنجاب کے ہی ایک دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے سیوریج سیمپل میں پولیو وائرس نہیں ملا۔

پولیو وائرس کی تصدیق کیلئے نمونے 10 دسمبر تا 9 جنوری کے درمیان لئے گئے تھے، سندھ کے 7، پنجاب 3 ،بلوچستان کے 1 مقام پر پولیو وائرس پایا گیا، کراچی کے چھ، حیدر آباد کے ایک مقام پر گٹر میں پولیو وائرس پایا گیا، لاہور کے تین مختلف مقامات کے گٹروں میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

Comments are closed.