اسلام آباد: برطانیہ کی حکومت نے پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے شہریوں کے لیے سفری شرائط میں نرمی کر دی ہے۔
اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے، امن و امان کی بہتر صورت حال کے نتیجے میں جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان نے اپنی پرواز بحال کردی اور اکتوبر 2019 میں برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان کا دورہ کیا۔
پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گئی۔
پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کی جانب سے جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال حکومتِ پاکستان کی گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و امان کو بہتر کرنے کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔
UK travel advice change: pleased that 🇬🇧 nationals will be able to see more of what 🇵🇰 has to offer pic.twitter.com/BvNYE6erX1
— Christian Turner (@CTurnerFCO) January 24, 2020
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کے شہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔
واضح رہے کہ پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث جون 2019 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کیا جب کہ اکتوبر 2019 میں برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کا بیرونی دنیا میں تشخص تبدیل ہورہا ہے، معاون خصوصی
دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ برٹش ائیرویز کی بحالی اور شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے بعد برطانیہ نے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کی۔ یہ پرامن، روشن اور محفوظ پاکستان کی علامت ہے، پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے لیے حسین اور پر کشش منزل کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ فیصلہ نہایت خوش آئند ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا بیرونی دنیا میں تشخص تبدیل ہورہا ہے۔
Comments are closed.