بنگلادیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست، پاکستان کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

لاہور: پاکستان نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں 9 وکٹ سے ہرا کر سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کرلی۔ بابر اعظم 66 اور محمد حفیظ 67 رنز نے پاکستان کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش کے کپتان محمد اللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر136 رنز بنائے۔ تمیم اقبال اور محمد نعیم نے اننگز کا آغاز کیا، نعیم دوسرے ہی اوور میں شاہین آفریدی کا شکار بن گئے، وہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، محمد متھن کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے مہدی حسن 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین لٹن داس 8 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے اور عفیف حسین نے 21 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 53 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیشی کپتان محمد اللہ کی اننگز بھی 12 رنز تک ہی محدود رہی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 2 جب کہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم اوراحسان علی نے اننگز کا آغاز کیا، جبکہ احسان بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد حفیظ نے کپتان کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ بابر اعظم 66 اور محمد حفیظ 67 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔

Comments are closed.