کراچی/ لاہور/ راولپنڈی: نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
چہلم امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے سلسلے میں آج نکلنے والے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی سکیورٹی کے لئے 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ جلوس کے روٹ میں شامل تجارتی مراکز عارضی طور پر بند رکھے جائیں گے جب کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل روٹ پلان بھی تیار کرلیا گیا۔جلوس کے اختتام تک لوئر مال،پیر مکی یوٹرن ،ضلع کچہری،اندرون سرکلر روڈ،موری گیٹ تا چوک اسلامیہ اور لوئر مال سے ملحقہ شاہراہیں بند رہیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شاہدرہ موڑ تا ایم اے او کالج میٹرو بس سروس معطل رہے گی جب کہ جلوس کے روٹ پر جیمرز کی مدد سے موبائل سروس بھی بند رکھی جائے گی۔
راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین کمیٹی چوک سے دس بجے برآمد ہوگا۔ جلوس ٹرنک بازار،بنک چوک سے ہوتا ہوا فوارا چوک پہنچے گا جہاں مجلس بپا کی جائے گی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں، ڈنگی کھوئی چوک ، بانساں والا چوک سے جامع مسجد روڑ ہوتا ہوا رات گئے امام بارگاہ قدیمی بنی میں جاکر اختتام پذیر ہو گیا۔ راولپنڈی کے جلوس کے لیے بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
چہلم امام حسینؓ کے سلسلے میں آج کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول اور کالج بند رہیں گے۔دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق چہلم کے موقع پر 30 اکتوبربروز (آج)منگل کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق آج سندھ بھر کے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل رہے گی
Comments are closed.