پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کا غیرذمہ دارانہ اور شرانگیز بیان مسترد کردیا
بھارت پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیت کے بارے میں کسی غلط فہمی میں نہ رہے، عائشہ فاروقی
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے غیرذمہ دارانہ، شرانگیز بیان اور جنگ بھڑکانے سے متعلق روایتی ہرزہ سرائی کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کیلئے پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کے بارے میں کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان ان کے پاکستان سے متعلق لاعلاج جنون کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسے بیانات کے ذریعے بی جے پی حکومت اور قیادت کے ایسے بیانات کا مقصد کشمیر میں جاری مظالم، بھارت میں متنازعہ شہریت ایکٹ اور اقلیت مخالف امتیازی و متعصبانہ پالیسیوں پراندرونی تنقید سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کی دھمکیوں اور اشتعال انگیز بیانات واضح کرتے ہیں کہ بی جے پی کی قیادت پر انتہاء پسندانہ سوچ کا غلبہ ہے جو ریاستی اداروں میں بھی گھس چکی ہے۔ لیکن اسے یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستانی مسلح افواج کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ اور موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دفاعی اداروں کی صلاحیت کا ثبوت گزشتہ برس بالاکوٹ میں مس ایڈونچر پر بھارتی طیارے کی تباہی اور پائلٹ کی گرفتاری کی صورت میں سامنے چکا ہے۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کیلئے پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیت اور عزم کے بارے میں کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لے، بھارت کے جارحانہ اقدامات اور رویہ سے خطے کے امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔امید ظاہر ہے کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے جموں وکشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی راہ ہموار ہوگی تاکہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن وسلامتی قائم ہوسکے۔
Comments are closed.