بھارت چاہتا ہے پاکستان کشمیر پر سرنڈر کر دے جو ناممکن ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

پشاور: وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر 80 لاکھ کشمیریوں کیلئے جیل بنا ہوا ہے، ہٹلر کے نظریئے پر عمل پیرا مودی سرکار چاہتی ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر سرنڈر کر دے مگر ایسا ہونا ناممکن ہے۔

پشاور آمد کے موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کے بعد اٹھائے گئے اقدامات غیرآئینی ہیں، 12 قراردادیں ایسی ہیں جن میں کہا گیا کہ رائے شماری سے یہ مسئلہ حل کیا جائے گا مگر بھارت کا موقف یکسر تبدیل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوا، بھارت نے پاکستان کے ساتھ بھی دو طرفہ معاہدہ کی خلاف ورزی کی، مقبوضہ وادی اس وقت اوپن ائیرجیل بن چکا ہے۔ ہندوستان کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر سرنڈر کر دے جو ناممکن ہے۔ پاکستان کو کشمیر کے مسئلے پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، کشمیری اس وقت ‘ڈو آر ڈائی’ کی پوزیشن میں ہیں۔ ایسے ممالک کی سفارتکاری کی ضروت ہے جو خاص طور پر تجارت اور سیاست پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

Comments are closed.