سیاست کیلئے حالات خراب کرنے والے ریاست کو ایکشن پر مجبور نہ کریں، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ چند عناصر اپنی سیاست اور ووٹ بینک کے چکر میں ملک کے خلاف کام نہ کریں۔ اگر صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ریاست ایکشن لینے پرمجبور ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ مدینہ کی ریاست کے بعد پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، پاکستان کا کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں، پاکستان کا آئین قرآن و سنت کے مطابق ہے، سپریم کورٹ کا آسیہ بی بی کیس میں جو فیصلہ آیا ہے وہ آئین اور قانون کے مطابق ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انکی حکومت ملک کو مدینہ کے طرز کی  فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر چھوٹے سے طبقے نے ردعمل دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے جج کے خلاف جو زبان استعمال کی گئی وہ درست نہیں، فیصلے کے بعد بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے ججز واجب القتل ہیں۔ بعض لوگ فوج اور جرنیلوں کو کہہ رہے ہیں کہ آرمی چیف کے خلاف بغاوت کریں۔ سڑکیں بند کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ سے من پسند فیصلے نہ آنے پر یہ لوگ ملک کو نقصان پہنچارہے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی صورت اکسانے والے لوگوں کا ساتھ نہ دیں، یہ کوئی اسلام کی خدمت نہیں کررہے، یہ لوگ جھوٹ بول کر فوج کو آرمی چیف سے بغاوت کا کہہ رہے ہیں اور اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان عناصر سے بھی کہتا ہوں کہ اپنی سیاست اور ووٹ بینک کے چکر میں ملک کے خلاف کام نہ کریں۔ اگر صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو ریاست  ایکشن لینے پرمجبور ہوگی، ریاست سے نہ ٹکرائیں۔ ہم کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دیں گے، نہ ہی سڑکوں پر ٹریفک رکنے  دیں گے۔

Comments are closed.