مہنگائی میں کمی کیلئے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور، بجلی وگیس مہنگی کرنےکی تجویز مسترد

ریلیف پیکج کےبجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں،پرویزخٹک، فواد چوہدری، علی امین کا مطالبہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے غریب عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی میں کمی کے لئے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم نے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جس میں مہنگائی میں کمی 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزراء پرویز خٹک، فواد چوہدری اور علی امین گنڈا پور نے ریلیف پیکج کی مخالفت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک، فواد چوہدری اور علی امین گنڈا پور نے ریلیف پیکج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اربوں کا پیکج دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں۔ تاہم چند وزراء کی تنقید کے باجود کابینہ نے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کر لیا۔

اجلاس میں دالوں پر امپورٹ ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک بھر میں دالوں کی قیمت 15 سے 20 فیصد کمی کی جائے گی، وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی، 50 ہزار نوجوانوں کو یوتھ اسٹورز کے لئے قرض دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں 50 ہزار دکانوں پر یوٹیلٹی اسٹورز کی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کی جائے گی۔ تا کہ جن علاقوں میں یوٹیلٹی اسٹورز موجود نہیں وہاں کے عوام کو اشیائے ضروریہ سستے داموں دستیاب ہوسکیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کےچینی کی درآمد کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ چینی کے معاملے پرعوام کو پریشان نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعظم نے گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا پہلے ہی بوجھ ہے مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔

Comments are closed.