وزارت تجارت کی پاکستانی آم کوریا بھجوانے میں مشکلات کے حل کی یقین دہانی

سیئول: پاکستان بزنس ایسوسی ایشن سیول کی جانب سے ڈائریکٹرجنرل ٹریڈ پالیسی وزارت تجارت محمداشرف کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستانی سفارتخانہ سیول کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمد شفیق حیدرورک، ہیڈ آف چانسلری اسد عباس اعوان اور ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

 پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر مدثر چیمہ نے ڈی جی ٹریڈ پالیسی محمد اشرف کو سیئول آمد پر خوش آمدید کہا اور بزنس ایسوسی ایشن کیلئے وقت نکالنے پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیئول میں پاکستانی کمیونٹی کی بہتری کیلئے بزنس ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ڈی جی ٹریڈ پالیسی وزارت تجارت محمد اشرف نے پاکستانی کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے کردا ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر برادری کوریا کیلئے پاکستانی برآمدات میں اضافے کیلئے نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بزنس ایسوسی ایشن سیول پر زور دیا کہ وہ پاکستانی چاول کی کوریا کیلئے ایکسپورٹ بڑھائیں۔

ڈی جی ٹریڈ پالیسی محمد اشرف نے کہا کہ پاکستانی آموں کی کوریا کیلئے برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور اس سلسلے میں کاروباری شخصیات کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمد شفیق حیدر ورک نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن نے اہم کردارادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بزنس ایسوسی ایشن سیول پاکستانی وزارت تجارت کے ساتھ روابط برقرار رکھے تا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔

Comments are closed.