خطرناک کورونا وائرس سمیت کئی وبائی امراض سے بچاؤ کا آسان اور سستا ترین نسخہ

وائرل انفیکیشن سے بچنے اور بالخصوص ایسی وبائی امراض جو کھانسنے، چھینکنے کے باعث خارج ہونے والے ذرات کی وجہ سے پھیلتے ہوں ان سے بچاؤ کیلئے ہاتھوں کی اچھے طریقے سے صفائی پہلی دفاعی دیوار ہوتی ہے۔

چین کے علاقے ووہان سے مختلف ممالک میں پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کا بھی سب سے آسان طریقہ ہاتھوں کی درست طریقے سے صفائی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے نوول کورونا وائرس کی روک تھام سے بچاؤ کے لیے جو ہدایات جاری کی ہیں، ان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو اپنے ہاتھ اکثر صابن اور پانی سے دھونے چاہیئیں۔

امریکا کے میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا ہے کہ ہاتھوں کی صفائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام سست کرنے کے لیے کتنی ضروری ہے۔ محققین نے اس حوالے سے دعویٰ کیا کہ ٹوائلٹ جانے کے بعد 30 فیصد افراد اپنے ہاتھ نہیں دھوتے جب کہ 20 فیصد کا ہاتھ دھونے کا طریقہ غلط ہوتا ہے اور باقی 50 فیصد درست طریقے سے ہاتھ دھوتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے ہاتھوں کی صفائی کے لیے چند نکات بیان کیے ہیں اور اسے بہتر طریقہ کار قرار دیا ہے۔ماہرین کے مطابق ہاتھوں کو دھونے سے قبل کم از کم 20 سیکنڈ تک صابن سے رگڑنا چاہیے اور دھونے کے بعد ہاتھوں کو صاف تولیے سے خشک کرنا چاہیے۔ اس طریقہ کار کے تحت سب سے پہلے اپنے ہاتھ گیلے کریں اور پھر صابن لگائیں۔

اپنی ہتھیلی کو اس وقت تک رگڑیں جب تک صابن کے بلبلے نہ بن جائیں۔ ہاتھ دھوتے وقت ایک ہاتھ کی ہتھیلی کو دوسرے ہاتھ کی پشت پر رگڑیں اور پھر یہی کام دوسری ہتھیلی سے کریں۔ دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کے درمیان اچھی طرح رگڑیں۔ اپنی انگلیوں کی پشت کو رگڑیں اور اس سے پہلے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو آپس میں ملالیں۔

اپنے بائیں انگوٹھے سے دائیں ہتھیلی کو گھڑی کی سوئیوں جیسی حرکت کے ذریعے رگڑیں، اس کے بعد یہی کام بائیں ہتھیلی پر دائیں ہاتھ کے انگوٹھے سے کریں۔ اب یہی کام ہتھیلیوں کی پشت پر کریں یعنی انگوٹھے سے گھڑی کی سوئیوں جیسی حرکت کے ذریعے رگڑیں۔

Comments are closed.