عالمی برادری بھارتی فوج کے جنگی جرائم کا شکار کشمیری خواتین کی آواز بنے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج 70 برسوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف جنگی جرائم کر رہی ہے، عالمی برادری کشمیری خواتین کی آواز بنے۔

کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کی مناسبت سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کشمیری خواتین کا یوم مزاحمت ہے، 70 برس سے بھارتی افواج کشمیر میں خواتین کے خلاف سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہیں جب کہ 5 اگست کے بعد مودی سرکار کے مسلط کردہ محاصرے نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ عالمی برادری بالخصوص خواتین آگے بڑھ کر مقبوضہ کشمیر میں امن کے لیے بہادر کشمیری خواتین کی آواز بنیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے لاک ڈاؤن کو دو سو سے زائد دن گزر چکے ہیں، بھارتی فوج آئے روز بربریت کی داستانیں رقم کر رہی ہے۔بھارت کے غاصب فوجی کشمیریوں کی عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

Comments are closed.