راولپنڈی: ملک میں پولیو وائرس ایک بار پھر اپنے پنجے گاڑھنے لگا ہے، رواں برس پنجاب کا سب سے پہلا پولیو کیس راولپنڈی سے رپورٹ ہوا ہے، جہاں پر تیرہ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی یونین کونسل گرجا میں تیرہ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ بچی کو ایک بار بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے گئے، بدقسمتی سے متاثرہ بچی کو دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن یا حفاظتی ٹیکے بھی نہیں لگوائے گئے۔
راولپنڈی سے رپورٹ ہونے والا پولیو کا یہ کیس 2020 کے دوران صوبہ پنجاب کا پہلا جب کہ ملک بھر سے 18 واں کیس ہے۔ اس سے پہلے رواں برس خیبرپختونخوا سے 10، سندھ سے 5 جب کہ بلوچستان سے 2 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس تمام تر حکومتی کوششوں اور بار بار پولیو ویکسی نیشن کے باوجود ملک بھر سے 146 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور عالمی ادارے پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
Comments are closed.