اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف سفارتی کامیابی ہے، بھارت کے پاکستان مخالف مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔
کابینہ اجلاس کے بعد زیروآور کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران پاکستان سے متعلق بیان کا بھی تذکرہ ہوا، کابینہ اراکین نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی امریکی صدر کے دورہ کے دوران پاکستان مخالف بیان دلوانے میں ناکام رہا۔
وفاقی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرنا پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے، مودی سرکار کے پاکستان مخالف مذموم عزائم ایک بار پھر خاک میں مل گئے۔ وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو تحریک انصاف حکومت کی سفارتی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے دورہ بھارت کے دوران بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اچھے ہیں اور دونوں ممالک کی حکومتیں مثبت انداز میں کام کررہی ہیں۔ پاکستان کی تعریف پر بھارت کے اندر صدر ٹرمپ پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.