لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ‘‘خود مختار کشمیر’’ کی تجویز دے دی ہے۔
سینئر سیاستدان چودھری شجاعت حسین نے تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے‘‘خود مختارکشمیر’’ کا فارمولا پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ردی کا ٹکڑا بن چکیں ہیں جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے بجائے مصالحت کا کردار ادا کریں۔
ق لیگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چودھری شجاعت حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی صدر معصوم کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے کیے جانے والے بہیمانہ مظالم بند کروائیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کامیاب کردار ادا کرنے کی صورت میں اگلا صدارتی الیکشن باآسانی جیت سکتے ہیں۔
سینئر سیاستدان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کو کشمیر پر ماضی کی قرارداد چھوڑ کر دوسرے آپشن پرآمادہ کر سکتے ہیں۔ موجودہ حالات کے تناظر میں کشمیر کی خود مختاری ایک دلیرانہ اور مقبول فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو نئے آپشن پر عملدرآمد کروائے گا، تاریخ میں ہمیشہ کیلئے زندہ رہے گا۔
Comments are closed.